ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے جعلی ادویات کی روک تھام اور معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ’ محفوظ دوا‘ موبائل ایپ کا افتتاح کر دیا۔ تقریب میں انہوں نے دوا کا پیک اسکین کرکے ایپ کی افادیت کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے 2010-11 کے جعلی ادویات اسکینڈل کا حوالہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں ناقص ادویات کے استعمال سے تقریباً 100 مریض جاں بحق ہوئے تھے۔ بعد ازاں لندن، پیرس اور جنیوا کی لیبارٹریوں کی رپورٹس میں انکشاف ہوا کہ دل کے مریضوں کو ملیریا کی ناقص ادویات دی گئی تھیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر ہی صحت کا نظام بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق ’ محفوظ دوا‘ ایپ شہریوں کو دوا کی اصلیت، سرکاری قیمت اور مارکیٹ میں دستیابی کے بارے میں معلومات فراہم کرے گی۔
وزیراعظم نے ادویات کو عام آدمی کی قوتِ خرید کے مطابق بنانے پر بھی زور دیا اور فارما انڈسٹری کو سستی ادویات کی فراہمی کے لیے تجاویز دینے کی دعوت دی۔ انہوں نے وزارتِ اطلاعات اور وزارتِ آئی ٹی کو ہدایت کی کہ ایپ کو ملک بھر میں متعارف کرایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
92 ہزار ادویات کا ڈیٹا نیشنل ڈیٹا بینک میں محفوظ
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ پاکستان میں تیار ہونے والی 92 ہزار ادویات کا ڈیٹا نیشنل ڈیٹا بینک میں محفوظ کر لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ایپ کا سافٹ ویئر تین ماہ میں تیار کیا گیا، جبکہ ادویات کا ڈیٹا جمع کرنے اور فارما انڈسٹری کو اس نظام سے منسلک کرنے کے لیے قانون سازی بھی کی گئی۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اب کسی دوا میں خرابی سامنے آنے پر متعلقہ کمپنی، مشین اور دوا کی تیاری کے وقت تک رسائی ممکن ہوگی۔
سرخ اور سبز رنگ سے اصلی اور جعلی دوا کی شناخت
وزیر صحت کے مطابق ایپ میں سرخ اور سبز رنگ کا آسان نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ دوا اسکین کرنے پر جعلی ہونے کی صورت میں اسکرین سرخ جبکہ مستند ہونے پر سبز رنگ دکھائے گی، تاکہ کم پڑھے لکھے افراد بھی دوا کی شناخت کر سکیں۔
انہوں نے اس منصوبے کی تکمیل میں وزارتِ آئی ٹی اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ نظام مستقبل میں عالمی سطح پر بھی متعارف کرایا جا سکے گا۔