ویب ڈیسک: افغانستان میں طالبان حکومت کے خلاف مسلح مزاحمت کا دائرہ وسیع ہونے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ 19 سے 22 نومبر کے دوران ملک کے 9 صوبوں میں مختلف مزاحمتی گروپوں کے 9 حملوں میں طالبان کے 20 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
مزاحمتی گروپوں کے مطابق سرپل، فاریاب، بدخشاں، غور، پکتیا، کنڑ، وردک، بامیان اور قندھار میں طالبان اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔ نیشنل اسلامک فرنٹ (این آئی ایف) کے مطابق 21 نومبر کو قندھار کے نویں سیکیورٹی ڈسٹرکٹ میں طالبان سربراہ ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کے خصوصی محافظوں کی چوکی پر راکٹ حملہ کیا گیا، جس میں 5 محافظ ہلاک اور 2 زخمی ہوئے۔
این آئی ایف نے 22 نومبر کو بامیان میں طالبان اہلکاروں پر گھات لگا کر حملے کا دعویٰ بھی کیا، جس میں 9 اہلکاروں کی ہلاکت اور فوجی سازوسامان قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا گیا۔ اسی گروپ کے مطابق 19 نومبر کو صوبہ وردک کے ضلع جلریز میں سیکیورٹی چوکی پر حملے میں 2 طالبان اہلکار ہلاک ہوئے اور اسلحہ و گولہ بارود قبضے میں لیا گیا۔
افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ (اے یو ایف) کے مطابق 22 نومبر کو سرپل، فاریاب، غور اور پکتیا میں طالبان کے خلاف 4 حملے کیے گئے۔ گروپ نے صوبہ غور میں امر بالمعروف کے سربراہ اور ایک انٹیلی جنس اہلکار سمیت 3 افراد کی ہلاکت جبکہ پکتیا میں ایک گاڑی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا۔
افغانستان فریڈم فرنٹ (اے ایف ایف) کے مطابق 19 نومبر کو صوبہ کنڑ میں طالبان کی ایک چوکی پر حملے میں ایک اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوئے۔
دوسری جانب افغان گرین ٹرینڈ نے 20 نومبر کو بدخشاں میں کشم، فیض آباد شاہراہ پر طالبان کی 219 ویں ڈویژن کی رینجر گاڑی کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔
ماہرین کے مطابق طالبان حکومت کی سخت پالیسیوں، خواتین کی تعلیم پر پابندیوں، اظہارِ رائے پر قدغنوں اور من مانی گرفتاریوں کے باعث افغانستان میں عوامی بے چینی بڑھ رہی ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں مزاحمتی سرگرمیاں بھی سامنے آ رہی ہیں۔