طالبان رجیم میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے، سراج الدین حقانی نے اعتراف کر لیا

طالبان رجیم میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے، سراج الدین حقانی نے اعتراف کر لیا
کیپشن: طالبان رجیم میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے، سراج الدین حقانی نے اعتراف کر لیا

ویب ڈیسک: افغان طالبان کی قیادت میں اختلافات کی خبریں سامنے آنے لگیں، وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے عوام اور طالبان حکومت کے درمیان بڑھتے فاصلے اور قیادت کی پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

افغان میڈیا کے مطابق سراج الدین حقانی نے کابل میں ہبت اللہ اخوندزادہ کی حمایت میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہبت اللہ کی تعریف کرنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ لوگ مزاجاً ان کی پالیسیوں سے متفق نہیں۔

سراج الدین حقانی نے کسی ایک شخصیت کے بجائے نظام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام طالبان کو اپنا نہیں سمجھ رہے اور حکومت و عوام کے درمیان فاصلے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ سخت رویے اور پالیسیوں کے باعث عوام طالبان سے دور اور ان کے مخالف ہو سکتے ہیں۔

حقانی کا کہنا تھا کہ نظام کسی ایک فرد کے لیے نہیں بلکہ ملک اور قوم کے لیے ہوتا ہے۔ اگر ذاتی اختلافات اور علاقائی وابستگیوں کو ترجیح دی گئی تو پورا نظام ناکارہ ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر نظام ایک شخص تک محدود ہوگیا تو اس کی عملداری ختم ہوجائے گی، حتیٰ کہ باپ بیٹے اور بیٹا باپ کا حکم ماننے کو تیار نہیں ہوگا۔

سراج الدین حقانی نے طالبان قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اپنے لیے بھلائی چاہتے ہیں تو عوام کے لیے بھی وہی چاہیں۔

واضح رہے کہ سراج الدین حقانی کا یہ خطاب ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب افغان طالبان کے سربراہ ہبت اللہ اخوندزادہ طویل عرصے سے منظر عام پر نہیں آئے۔

 
 

Watch Live Public News