ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی جیل میں مشکلات اور طبی مسائل سے متعلق شکایات پر متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت کردی۔
190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے کی۔ دورانِ سماعت وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی کی بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور انہیں سرجری کی ضرورت ہے۔ وکیل نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کے سیل سے سات چھوٹے سانپ برآمد ہوئے، جنہیں جیل عملے نے مارنے کے بعد جگہ پر سیمنٹ لگا دیا۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق خدشات دور کرنے، سیل کی صفائی یقینی بنانے اور طبی معائنے کے لیے خصوصی ڈاکٹر فراہم کرنے کا حکم دیا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جیل رولز کے مطابق تمام طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
عدالت نے وکلا کو مرکزی اپیلوں پر باقاعدہ دلائل شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات کے لیے پہلے دی گئی مہلت پوری ہوچکی ہے، اب مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور قانون کے مطابق انصاف فراہم کیا جائے گا۔