ویب ڈیسک: پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کارگو لے کر جہاز پورٹ قاسم پہنچ گیا، جسے اینگرو ووپاک ٹرمینل پر لنگر انداز کردیا گیا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ایل پی جی اصلاحات کے تحت یہ پہلا بڑا کارگو ہے، جس کی آمد پر پورٹ قاسم میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم مرزا ناصر الدین مشہود نے شرکت کی۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایل پی جی کی درآمد میں اضافے سے ملک میں گیس کی دستیابی بہتر اور قیمتوں میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ماضی میں مختلف رکاوٹوں کے باعث سرکاری کمپنیاں ایل پی جی درآمد نہیں کر رہی تھیں، تاہم اب انہیں درآمدات میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے بالخصوص موسمِ سرما میں پہاڑی اور دور دراز علاقوں تک ایل پی جی کی فراہمی بہتر ہوگی، جبکہ آنے والے ہفتوں میں مزید کارگوز بھی پاکستان پہنچنے کی توقع ہے۔