ویب ڈیسک: پاک فوج نے فتح-3 سپر سونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا۔ فتح-3 سپر سونک رفتار سے طویل فاصلے پر اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح-3 میزائل کا کامیاب تجربہ ملکی دفاعی صلاحیتوں میں ایک اور اہم سنگ میل ہے۔ فتح-3 جدید نیویگیشن اور پروپلشن سسٹمز سے لیس ہے۔ فتح-3 میزائل انتہائی درستگی اور مؤثر تباہ کن صلاحیت کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ فتح-3 میزائل پاک فوج کی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کرے گا۔ فتح-3 کی شمولیت سے پاک فوج کی دور تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی۔ فتح-3 میزائل پاکستان کی روایتی دفاعی صلاحیت اور مؤثر دفاعی حکمت عملی کو مزید تقویت دے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح-3 میزائل کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ اور مسلح افواج کے سینئر افسران نے کیا۔ فتح-3 کے تجربے کے موقع پر سائنس دان اور انجینئرز بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت اور وزیراعظم نے فتح-3 میزائل کے کامیاب تجربے پر پاک فوج کو مبارکباد پیش کی۔ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے بھی کامیاب تجربے پر مبارکباد پیش کی۔ صدر، وزیراعظم اور عسکری قیادت نے دفاعی صلاحیتوں میں اہم سنگ میل کے حصول پر سائنس دانوں اور انجینئرز کو خراج تحسین پیش کیا۔ عسکری قیادت نے فتح-3 میزائل کی تیاری اور کامیاب تجربے میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کی لگن اور محنت کو سراہا۔ فتح-3 کا کامیاب تجربہ پاکستان کی قومی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔