ویب ڈیسک: رابرٹ پیٹنسن کے نئے جیمز بانڈ بننے کے بعد لگژری برانڈز میں بھی مقابلہ شروع ہوگیا۔ گھڑیوں، مہنگی گاڑیوں، ملبوسات اور دیگر مصنوعات بنانے والی عالمی کمپنیاں نئی فلم میں اپنی مصنوعات دکھانے کے لیے سرگرم ہوگئی ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جیمز بانڈ کا کردار گزشتہ چھ دہائیوں سے فلمی دنیا کے مقبول ترین کرداروں میں شامل ہے اور اس سے وابستگی عالمی برانڈز کے لیے تشہیر کا بڑا موقع سمجھا جاتا ہے۔
نئی فلم میں سب سے زیادہ دلچسپی گھڑیوں کے برانڈز کے درمیان مقابلے میں ہے۔ سابق جیمز بانڈ ڈینیئل کریگ فلموں میں اومیگا کی گھڑیاں استعمال کرتے رہے، تاہم رابرٹ پیٹنسن رواں سال ستمبر میں سوئس کمپنی جگر لیکولترے کے عالمی سفیر بن چکے ہیں۔
اس صورتحال نے سوال اٹھا دیا ہے کہ نئے جیمز بانڈ کی کلائی پر کس کمپنی کی گھڑی نظر آئے گی۔ جگر لیکولترے نے بھی پیٹنسن کے نئے بانڈ بننے کے اعلان کے بعد ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ نئے جیمز بانڈ کی پہلی سامنے آنے والی تصویر میں رابرٹ پیٹنسن کی کلائی پر کوئی گھڑی دکھائی نہیں دی، جس کے بعد لگژری برانڈز کے درمیان ممکنہ اشتہاری مقابلہ مزید توجہ حاصل کرگیا ہے۔