ویب ڈیسک: برطانوی اداکار اور کامیڈین رسل برانڈ کو ریپ اور جنسی حملے کے تین جرائم میں مجموعی طور پر 10 سال 6 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔
51 سالہ رسل برانڈ کو سزا ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ میں سنائی گئی۔ ان کے خلاف 7 الزامات پر ایک ماہ تک مقدمہ چلا، جس کے بعد جمعرات کو جیوری نے انہیں مجرم قرار دیا تھا۔
جج جسٹس بیناتھن نے ریمارکس دیے کہ تمام جرائم کی سزائیں بیک وقت شروع ہونا ضروری نہیں۔ انہوں نے متاثرہ خواتین کی جانب سے سامنے آکر گواہی دینے کے حوصلے اور میٹروپولیٹن پولیس کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ رسل برانڈ پر 2004 سے 2009 کے دوران 6 خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
جمائما گولڈ اسمتھ بھی رسل برانڈ کے خلاف بول پڑیں
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے بھی رسل برانڈ پر تشدد اور بدسلوکی کے الزامات عائد کیے ہیں۔
جمائما کے مطابق 2014 میں ایک پرتشدد واقعے کے بعد انہیں رسل برانڈ کو گھر سے نکلوانے کے لیے پولیس بلانا پڑی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت انہوں نے اپنے نوعمر بچوں کی خاطر خاموش رہنے کا فیصلہ کیا اور الزامات منظرعام پر نہیں لائیں۔
جمائما نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے ان کا رسل برانڈ سے کوئی رابطہ نہیں۔ انہوں نے مقدمے میں گواہی دینے والی خواتین کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ان خواتین کے ساتھ کھڑی ہیں جنہوں نے انصاف کے حصول کے لیے آواز اٹھائی۔