(ویب ڈیسک) معروف بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کے خلاف ریاست اتر پردیش کے شہر جھانسی کی فاسٹ ٹریک عدالت نے سال 2010ء کے ایک پرانے خودکشی کیس میں ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مقدمہ راکھی ساونت کے اکتوبر 2010ء میں نشر ہونے والے متنازع ٹی وی رئیلٹی شو ’ راکھی کا انصاف‘ سے متعلق ہے۔
جھانسی کے علاقے ہنساری پریم نگر کے رہائشی لکشمن اہروار 10 نومبر 2010ء کو مبینہ طور پر خودکشی کر کے چل بسے تھے۔
متوفی کی والدہ ساوتری نے راکھی ساونت کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر درج کرائی تھی، جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ راکھی ساونت نے اپنے پروگرام کے دوران ان کے بیٹے کے لیے انتہائی نامناسب، ہتک آمیز اور توہین آمیز الفاظ استعمال کیے، جس سے دل برداشتہ ہو کر ان کے بیٹے نے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
فاسٹ ٹریک کورٹ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے اداکارہ کے مسلسل غیر حاضر رہنے اور عدالت کے سامنے پیش نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت نے 16 اکتوبر کو راکھی ساونت کے باضابطہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے مقامی پولیس کو حکم دیا کہ اداکارہ کو فوری طور پر گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔
سرکاری وکیل مریدول کانت سریواستو کے مطابق عدالت نے تمام شواہد اور مسلسل عدم پیشی کا جائزہ لینے کے بعد یہ سخت حکم صادر کیا ہے۔
عدالت نے متعلقہ حکام کو راکھی ساونت کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کیس کی اگلی سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔