ویب ڈیسک: بھارت کے شہر چندی گڑھ کی ایک مقامی عدالت نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان، ان کی بہن الویرا خان اگنی ہوتری اور اسٹائل اینڈ کنٹینٹ جیولری پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹرز کو مبینہ دھوکا دہی کے مقدمے میں طلب کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے تمام فریقین کو 5 اکتوبر کو پیش ہو کر شکایت پر اپنا جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ یہ مقدمہ چندی گڑھ کے تاجر ارون گپتا کی درخواست پر دائر کیا گیا، جن کا مؤقف ہے کہ انہیں 'بینگ ہیومن' جیولری شوروم کھولنے کے لیے جھوٹے وعدوں کے ذریعے سرمایہ کاری پر آمادہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں انہیں کروڑوں روپے کا مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ارون گپتا نے شوروم کے قیام پر تقریباً 3 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی، جن میں سے ایک کروڑ روپے شوروم کی تعمیر اور تیاری پر خرچ کیے گئے۔
شکایت کے مطابق شوروم کے آغاز کے بعد کمپنی نے معاہدے کے مطابق کاروباری معاونت فراہم نہیں کی، جبکہ فروری 2020 سے جیولری سپلائی کرنے والا اسٹور بند ہونے کے باعث کاروبار شدید متاثر ہوا۔
درخواست گزار نے الزام عائد کیا ہے کہ کمپنی سے وابستہ چھ افراد نے غلط معلومات فراہم کر کے انہیں سرمایہ کاری پر آمادہ کیا۔
دوسری جانب اسٹائل اینڈ کنٹینٹ جیولری پرائیویٹ لمیٹڈ ان الزامات کی تردید کر چکی ہے۔ کمپنی کا مؤقف ہے کہ 2018 کے معاہدے میں سلمان خان کا براہِ راست کوئی کردار نہیں تھا، جبکہ بینگ ہیومن فاؤنڈیشن نے 2015 میں صرف برانڈ کے استعمال کا لائسنس دیا تھا اور جیولری کے کاروبار کی تمام ذمہ داری کمپنی کے پاس تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقدمے کی آئندہ سماعت 5 اکتوبر کو ہوگی، جہاں طلب کیے گئے فریقین عدالت میں اپنا مؤقف پیش کریں گے۔