ویب ڈیسک: مصر کی ایک عدالت نے منشیات کے مقدمے میں معروف ٹی وی میزبان سارہ خلیفہ سمیت 12 افراد کو سزائے موت سنا دی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 39 سالہ سارہ خلیفہ اور دیگر 11 ملزمان پر منظم مجرمانہ گروہ تشکیل دینے، منشیات کی تیاری کے لیے خام مال حاصل کرنے، اسمگلنگ کے لیے منشیات تیار کرنے اور بغیر لائسنس اسلحہ و گولہ بارود رکھنے کے الزامات ثابت ہوئے۔
مصری قانون کے تحت سزائے موت کے مقدمات میں لازمی قانونی کارروائی کے طور پر عدالت نے فیصلہ سنانے سے قبل مصر کے مفتی اعظم سے شرعی رائے بھی حاصل کی۔ تاہم ملزمان کو فیصلے کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہے۔
مصری میڈیا کے مطابق حکام نے کارروائی کے دوران 750 کلوگرام سے زائد منشیات اور خام مال برآمد کیا، جبکہ منشیات کی تیاری کے لیے استعمال ہونے والے دو اپارٹمنٹس، غیر قانونی اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لیا گیا۔
عدالت نے سارہ خلیفہ اور دیگر ملزمان کو ایک نوجوان کے اغوا اور اس پر حملے کے الگ مقدمے میں بھی پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے۔