دو افراد کی ہلاکت کے بعد مفرور ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کا ویڈیو پیغام آگیا

دو افراد کی ہلاکت کے بعد مفرور ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کا ویڈیو پیغام آگیا
کیپشن: دو افراد کی ہلاکت کے بعد مفرور ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کا ویڈیو پیغام آگیا

ویب ڈیسک: ٹک ٹاکر مسٹر پتلو عرف انصر محمود نے نامعلوم مقام سے جاری ویڈیو پیغام میں سیالکوٹ میں مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ کو حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے میں ان کا کوئی قصور نہیں۔ انہوں نے دھمکی آمیز انداز میں کہا کہ اگر ان کی اگلی ویڈیو سامنے نہ آئے تو سمجھا جائے کہ انہوں نے خودکشی کرلی ہے۔

واضح رہے کہ سیالکوٹ میں مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 17 زخمی ہوگئے تھے۔ واقعے کا مقدمہ ٹک ٹاکر سمیت 40 سے زائد نامزد اور نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں مسٹر پتلو نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ تقریب سے پہلے انہوں نے لوگوں کو نظم و ضبط برقرار رکھنے اور ایک دوسرے کو دھکے نہ دینے کی ہدایت بھی کی تھی۔

ٹک ٹاکر نے دعویٰ کیا کہ تقریب کے انعقاد کے لیے باقاعدہ این او سی حاصل کیا گیا تھا، تاہم ایونٹ سے ایک روز قبل کمر کی تکلیف کے باعث انہیں اسپتال جانا پڑا اور حادثے کے وقت وہ وہاں موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر میں انہیں واقعے کے وقت اسٹیڈیم میں موجود ظاہر کیا گیا ہے، حالانکہ وہ اسپتال میں ایم آر آئی کروا رہے تھے اور اس کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔

ویڈیو پیغام میں مسٹر پتلو نے کہا کہ ان کے مشکل وقت میں سب نے ساتھ چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی معاملے میں مداخلت کی اپیل کی۔

Watch Live Public News