لاہور کی میوزک اکیڈمی کے بچوں نے نارویجن موسیقار کو جھومنے پر مجبور کر دیا، ویڈیو وائرل

 لاہور کی میوزک اکیڈمی کے بچوں نے نارویجن موسیقار کو جھومنے پر مجبور کر دیا، ویڈیو وائرل

(ویب ڈیسک) لاہور کی معروف میوزک اکیڈمی کے ننھے طلبا نے اپنی سریلی آواز اور لاجواب سُروں سے ناروے کے معروف موسیقار کو داد دینے اور جھومنے پر مجبور کر دیا، جس کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے۔

نارویجن ہپ ہاپ ڈانس گروپ ’کوئیک اسٹائل‘ (Quick Style) کے معروف رکن ولیم گیمبورگ نے لاہور کی 'سرتال اکیڈمی' کے بچوں کی گائیکی کی ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی۔

دیکھتے ہی دیکھتے یہ ویڈیو عالمی سطح پر وائرل ہو گئی، جسے محض دو دنوں کے اندر ساڑھے 8 کروڑ (85 ملین) کے قریب افراد نے دیکھا جبکہ 90 لاکھ سے زائد صارفین نے اسے لائیک کیا۔

سوشل میڈیا کے تمام بڑے پلیٹ فارمز پر اس ویڈیو کو خوب شیئر کیا جا رہا ہے، جہاں صارفین بچوں کے شاندار سُروں، گائیکی اور پرفارمنس کے دوران ان کے پراعتماد انداز کی دل کھول کر تعریف کر رہے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے سرتال اکیڈمی کے بانی ضیا الحق نے بتایا کہ یہ ویڈیو گزشتہ ہفتے ریکارڈ کی گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (PSL) کی ایک تقریب میں بھی اکیڈمی کے بچوں نے پرفارم کیا تھا، جس کی ویڈیو نے خاصی مقبولیت حاصل کی تھی۔

ولیم گیمبورگ بین الاقوامی شہرت یافتہ نارویجن ہپ ہاپ بینڈ 'کوئیک اسٹائل' کے رکن ہیں۔

اس بینڈ کی بنیاد 2006 میں پاکستانی نژاد بھائیوں سلیمان ملک اور بلال ملک نے اپنے نارویجن تھائی دوست ناصر سری خان کے ہمراہ رکھی تھی، جو پاکستان اور بھارت دونوں ممالک میں بے حد مقبول ہے۔یاد رہے کہ 2022 میں سلیمان ملک کی شادی میں بالی وڈ گانے 'کالا چشمہ' پر اس بینڈ کے ڈانس نے دنیا بھر میں وائرل ہو کر مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے تھے۔

Watch Live Public News