پولیس نے 20 سال قبل چوری ہونے والی تاریخی پینٹنگ اے آئی کی مدد سے ڈھونڈ نکالی

پولیس نے 20 سال قبل چوری ہونے والی تاریخی پینٹنگ اے آئی کی مدد سے ڈھونڈ نکالی

(ویب ڈیسک)دنیا بھر میں نوادرات اور قیمتی فن پاروں کی چوری کے بڑھتے واقعات کے خلاف اطالوی پولیس نے تاریخ میں پہلی بار جدید ترین آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) کا کامیاب استعمال کرتے ہوئے 20 سال قبل چوری ہونے والی سترہویں صدی کی ایک نایاب اور تاریخی پینٹنگ برآمد کر لی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق 11 اگست 2004 کو اٹلی کے شہر نیپلز کے قریب واقع ایک چرچ سے 17ویں صدی کی مشہور پینٹنگ ’ سینٹ ایگنیس‘ (Saint Agnese) چوری ہوئی تھی۔

چوروں نے گرفتاری سے بچنے اور پینٹنگ فروخت کرنے کے لیے اس کے اصل خدوخال پر نیا پینٹ کر دیا تھا؛ اصل تصویر میں خاتون کے ہاتھ میں موجود بھیڑ کے بچے اور شاخ کی جگہ کاغذ کا رول (اسکرول) بنا دیا گیا تھا تاکہ کوئی اسے پہچان نہ سکے۔

اطالوی پولیس کے ماہرین جب اٹلی کے سالانہ اینٹیک میلے کا معائنہ کر رہے تھے تو انہوں نے مختلف اسٹالز پر موجود فن پاروں کی تصاویر کھینچ کر اپنے اندرونی سیکیورٹی سسٹم پر اپلوڈ کیں۔

چند ہی گھنٹوں بعد اطالوی پولیس کے تیار کردہ خصوصی اے آئی سسٹم ’ Swoads‘ نے اس تصویر کو مشکوک قرار دے کر سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا۔

انسانوں کے برعکس، اس جدید اے آئی الگورتھم نے رنگوں کے شیڈز، برش کے نشانات اور بنیادی ساخت کی بنیاد پر پہچان لیا کہ تبدیلیوں کے باوجود یہ وہی شاہکار ہے جو دو دہائیاں قبل چوری ہوا تھا۔

اطالوی پولیس یونٹ کے مطابق نومبر 2023 میں اس سسٹم کے آغاز کے بعد سے اب تک 300 سے زائد بڑی مورتیاں و پینٹنگز اور 1 لاکھ 65 ہزار سے زائد قدیم سکے، خطوط اور مذہبی نوادرات بازیاب کرائے جا چکے ہیں، جن کی مجموعی مالیت 203 ملین یورو (تقریباً 226 ملین ڈالر) سے زیادہ ہے۔

یہ جدید سافٹ ویئر انٹرنیٹ، ای کامرس ویب سائٹس اور آکشن ہاؤسز کی لسٹنگز کو دن رات اسکین کر کے چوری شدہ فن پاروں کے ریکارڈ سے ملاتا رہتا ہے۔

چونکہ یہ چوری دو دہائیاں قبل ہوئی تھی، اس لیے مقامی قوانین کے تحت موجودہ ری سیلر پر مقدمہ تو نہیں چلایا جا سکا، تاہم پینٹنگ کو بحفاظت اصل چرچ کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں بحالی کے بعد اسے دوبارہ آویزاں کیا جائے گا۔

ماہرین کے مطابق اگرچہ اے آئی چوروں کو پکڑنے کے لیے انسانی سوچ اور قانونی کارروائی کا متبادل نہیں ہے، لیکن چوری شدہ ثقافتی ورثے کی کھوج لگانے کے لیے یہ دنیا بھر کی پولیس فورسز کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے۔

Watch Live Public News