ویب ڈیسک: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے پہلے فولڈ ایبل اسمارٹ فون ’ آئی فون ڈو‘ کی بیٹری کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جس کی مجموعی گنجائش 4 ہزار 883 ایم اے ایچ بتائی گئی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یورپی یونین کے انرجی لیبل پر جاری معلومات میں بتایا گیا ہے کہ فون میں دو بیٹری سیلز استعمال کیے گئے ہیں۔ ایک سیل کی گنجائش 2 ہزار 962 ایم اے ایچ جبکہ دوسرے کی 1 ہزار 921 ایم اے ایچ ہے۔
رپورٹ کے مطابق فون میں صرف ای سم کی سہولت ہوگی، جس کے باعث فزیکل سم کارڈ ٹرے کے لیے جگہ درکار نہیں ہوگی اور اندرونی ڈیزائن میں اضافی گنجائش میسر آسکتی ہے۔
بیٹری کی صلاحیت کے لحاظ سے آئی فون ڈو، آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کے درمیان آتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئی فون 18 پرو کی بیٹری 4 ہزار 288 ایم اے ایچ جبکہ پرو میکس کی 5 ہزار 567 ایم اے ایچ ہے۔
تاہم بیٹری کی گنجائش ہی فون کے دورانیۂ استعمال کا تعین نہیں کرتی؛ اس پر اسکرین، سافٹ ویئر اور استعمال کی نوعیت بھی اثر انداز ہوتی ہے۔