فیس بک، انسٹاگرام پر گالی دینے پر کروڑوں روپے جرمانے کی وارننگ

فیس بک، انسٹاگرام پر گالی دینے پر کروڑوں روپے جرمانے کی وارننگ
کیپشن: فیس بک، انسٹاگرام پر گالی دینے پر کروڑوں روپے جرمانے کی وارننگ

ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات میں سوشل میڈیا پر توہین آمیز تبصرے، تضحیک یا ہتکِ عزت پر مبنی مواد شائع کرنے والوں کو قید اور 5 لاکھ درہم تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

حکام نے یہ انتباہ ملک گیر آگاہی مہم ’’دی یو اے ای اِز سیف وِد یور ڈیجیٹل اویئرنیس‘‘ کے تحت جاری کیا ہے، جس کا مقصد انٹرنیٹ کے ذمہ دارانہ استعمال اور سائبر جرائم سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔ یہ مہم وزارتِ داخلہ نے دبئی پولیس اور دبئی الیکٹرانک سکیورٹی سینٹر کے تعاون سے شروع کی ہے۔

مہم میں وفاقی قانون نمبر 34 برائے 2021 کے آرٹیکل 43 کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ کسی شخص کی توہین کرنے یا اس سے ایسا واقعہ منسوب کرنے پر جس سے اسے قانونی سزا یا عوامی تضحیک کا سامنا ہو، حالات کے مطابق قید اور 2 لاکھ 50 ہزار سے 5 لاکھ درہم تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔ قانون کے تحت ان میں سے کوئی ایک سزا بھی دی جاسکتی ہے۔ سرکاری عہدیدار یا سرکاری خدمت انجام دینے والے شخص کے خلاف فرائض سے متعلق ایسا جرم کرنے پر سزا مزید سخت ہوسکتی ہے۔

حکام نے سوشل میڈیا صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ پوسٹ یا تبصرہ شائع کرنے سے پہلے اس کے ممکنہ نتائج پر غور کریں اور ذاتی حملوں، تضحیک آمیز زبان اور توہین سے گریز کریں۔

آگاہی مہم کا مقصد آن لائن بدزبانی کی روک تھام کے ساتھ انٹرنیٹ فراڈ، سائبر جرائم اور مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کے غلط استعمال سے متعلق شعور بڑھانا بھی ہے۔ حکام کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر شائع ہونے والے مواد کی قانونی ذمہ داری صارف پر عائد ہوسکتی ہے۔

Watch Live Public News