(ویب ڈیسک) میٹا کی زیرِ ملکیت دنیا کے مقبول ترین فوٹو و ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام کی جانب سے ایک انتہائی حیران کن اور منفرد فیچر کی آزمائش جاری ہے، جس کا مقصد صارفین کو بغیر کسی سرگرمی یا تعامل کے خاموشی سے ایپ استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق انسٹاگرام جس نئے فیچر پر کام کر رہا ہے اسے ’ریڈ اونلی موڈ‘ کا نام دیا گیا ہے۔اس موڈ کو آن کرنے کے بعد صارف ایپ کے روایتی اور بنیادی فیچرز استعمال نہیں کر سکے گا، یعنی وہ کسی پوسٹ کو لائیک، کمنٹ، ڈائریکٹ میسج (DM)، کسی کو فالو یا صارفین کی اسٹوریز کو معمول کے مطابق نہیں دیکھ سکے گا۔
درحقیقت یہ نیا موڈ ویب براؤزرز کے ’ انکوگنیٹو موڈ‘ (Incognito Mode) کی طرز پر کام کرے گا۔اس کے ذریعے صارفین سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کسی قسم کا ڈیجیٹل فٹ پرنٹ (Digital Footprint) چھوڑے بغیر مواد دیکھ سکیں گے، یعنی ان کی موجودگی یا سرگرمی کا کسی دوسرے صارف کو علم نہیں ہو سکے گا۔

رپورٹ کے مطابق بظاہر یہ پریمیم فیچر انسٹاگرام کی ماہانہ فیس والی سبسکرپشن سروس ’ انسٹاگرام پلس‘ (Instagram+) اکاؤنٹس رکھنے والے صارفین کے لیے مخصوص کیا جا سکتا ہے۔
انسٹاگرام کے ایک ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ فی الوقت ’ریڈ اونلی موڈ‘ کی اندرونی سطح پر آزمائش کی جا رہی ہے اور یہ عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ کمپنی وقتاً فوقتاً مختلف فیچرز کی آزمائش کرتی رہتی ہے، اس لیے ابھی حتمی طور پر یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ آیا یہ فیچر مستقبل میں باقاعدہ طور پر تمام صارفین کے لیے لانچ کیا جائے گا یا نہیں۔