ویب ڈیسک: بھارت کے معروف موسیقار دیوا 75 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث چنئی کے علاقے کوڈمباکم کے ایک نجی اسپتال میں انتقال کر گئے۔
اداکارہ و سیاستدان خوشبو سندر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔
دیوا، جن کا اصل نام دیوانیسن چوکالنگم تھا، 20 نومبر 1950 کو پیدا ہوئے۔ انہوں نے جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری میں 400 سے زائد فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دی اور کمل ہاسن، وجے، اجیت کمار اور پون کلیان سمیت کئی معروف اداکاروں کی فلموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
ان کے مشہور کاموں میں رجنی کانت کی 1992 کی فلم ’اناملائی‘ کا انٹرو میوزک بھی شامل ہے، جو آج بھی رجنی کانت کی فلموں میں ان کی آمد کے موقع پر استعمال کیا جاتا ہے۔ دیوا کا فلمی سفر 1986 میں تامل فلم ’ماٹوکارا منارو‘ سے شروع ہوا تھا۔ ان کی وفات سے جنوبی بھارتی فلمی موسیقی کی دنیا ایک معروف فنکار سے محروم ہوگئی۔