ویب ڈیسک: برطانیہ کی معروف براڈکاسٹر ڈیم ایسٹر رینٹزن 86 برس کی عمر میں پھیپھڑوں کے کینسر کے باعث انتقال کرگئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان کے اہلِ خانہ نے وفات کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں ’انتہائی شاندار خاتون‘ قرار دیا۔ ایسٹر رینٹزن نے مئی 2023 میں انکشاف کیا تھا کہ وہ اسٹیج فور پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے طبی معاونت سے زندگی ختم کرنے کے لیے سوئٹزرلینڈ کے ادارے Dignitas کی رکنیت حاصل کی تھی۔
وہ انگلینڈ اور ویلز میں طبی معاونت سے زندگی ختم کرنے کو قانونی حیثیت دینے کی مہم کی نمایاں آواز تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ اپنی زندگی ختم کرنے کا فیصلہ کرتیں تو سوئٹزرلینڈ جاتیں، تاہم بگڑتی صحت کے باعث وہ یہ سفر نہ کرسکیں۔
طبی معاونت سے زندگی ختم کرنے کا معاملہ برطانیہ سمیت کئی ممالک میں قانونی اور اخلاقی بحث کا موضوع ہے۔