(ویب ڈیسک) پینٹاگون میں ایک بڑی سیکیورٹی خامی کے باعث فوج اور دفاعی شعبے سے وابستہ تقریباً 30 لاکھ افراد کی انتہائی حساس ذاتی معلومات لیک ہو گئی ہیں، جس کی باضابطہ تصدیق ڈیفنس مین پاور ڈیٹا سینٹر (DMDC) نے کر دی ہے۔
ڈیفنس مین پاور ڈیٹا سینٹر کے مطابق ایک فائل شیئرنگ سرور میں موجود تکنیکی سیکیورٹی خامی کے باعث غیر متعلقہ افراد کو حساس ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوئی۔
تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ غیر مجاز صارفین اکتوبر 2025 سے لے کر 16 جولائی 2026 تک (تقریباً نو ماہ کے طویل عرصے تک) اس سرور پر موجود غیر محفوظ اور نان انکرپٹڈ (Unencrypted) ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کرتے رہے۔
پینٹاگون کے مطابق لیک ہونے والے ریکارڈز میں فوجی اہلکاروں اور ملازمین کے سوشل سیکیورٹی نمبرز (SSNs) اور ان کی ملازمتوں و سروس سے متعلق اہم تفصیلات شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ افراد میں 27 لاکھ 60 ہزار حیات اہلکار و شہری، جبکہ 2 لاکھ 94 ہزار ایسے افراد شامل ہیں جو اب اس دنیا میں نہیں رہے
حکام کا کہنا ہے کہ 16 جولائی 2026 کو ڈیٹا لیک کا سراغ ملتے ہی فوری طور پر فائل شیئرنگ سسٹم کو اپ ڈیٹ کر کے سیکیورٹی خامی کو دور کر دیا گیا اور سسٹم کو دوبارہ محفوظ حالت میں بحال کیا گیا۔
محکمۂ دفاع نے متاثرہ افراد کو باضابطہ نوٹسز ارسال کر دیے ہیں، اور حکام کا دعویٰ ہے کہ تاحال ان چوری شدہ معلومات کے کسی بھی قسم کے غلط استعمال کے براہِ راست شواہد سامنے نہیں آئے ہیں۔