امریکی مسلمانوں کیلئے تاریخی فتح: کیلیفورنیا میں عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ سرکاری تعطیلات قرار

امریکی مسلمانوں کیلئے تاریخی فتح: کیلیفورنیا میں عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ سرکاری تعطیلات قرار

(ویب ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا نے مسلم کمیونٹی کے لیے تاریخ ساز فیصلہ کرتے ہوئے اسلامی تہواروں عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کو باضابطہ طور پر سرکاری تعطیلات قرار دے دیا ہے۔

کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے ریاستی اسمبلی سے منظور شدہ بل پر باقاعدہ دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد یہ تاریخی مسودہ باقاعدہ ریاستی قانون کی شکل اختیار کر چکا ہے۔اس قانون کے تحت دونوں عیدوں کو ریاستی سطح پر قانونی حیثیت سے تسلیم کر لیا گیا ہے۔

اس فیصلے سے ریاست میں مقیم لاکھوں مسلمانوں کا ایک بڑا اور دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا ہے، کیونکہ ماضی میں عیدین کے موقع پر انہیں نماز کی ادائیگی، عبادات اور اسکول یا ملازمت پر حاضری کے درمیان کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑتا تھا۔

اب قانون کے تحت مسلم ملازمین اپنے پہلے سے حاصل شدہ چھٹیوں کے حق (Accrued Leave) کو استعمال کر کے بغیر کسی رکاوٹ کے عید کی باضابطہ چھٹیاں منا سکیں گے۔

عیدین کی تعطیلات کو سرکاری حیثیت دینے کا یہ بل مارچ کے اوائل میں کیلیفورنیا اسمبلی کے ممبر میٹ ہینی نے پیش کیا تھا۔

میٹ ہینی کا کہنا تھا کہ کیلیفورنیا امریکا کی سب سے بڑی اور متحرک ترین مسلم کمیونٹی کا گھر ہے، اس لیے ان کی مذہبی اقدار اور روایات ریاستی سطح پر مکمل احترام کی مستحق ہیں۔

امریکا میں مسلمانوں کے حقوق کی نمائندہ تنظیم 'کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز' (کیئر کیلیفورنیا) نے اس قانون کی باضابطہ منظوری کا پرجوش خیرمقدم کیا ہے اور اسے مسلم برادری کے حقوق کی جانب اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔

Watch Live Public News