ویب ڈیسک: کینیڈا میں مستقل رہائش اختیار کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے فیڈرل اسکلڈ ورکر پروگرام (FSWP) ایک اہم راستہ ہے، جو ایکسپریس انٹری سسٹم کے تحت چلتا ہے۔
اس پروگرام کے ذریعے ہنر مند افراد کینیڈا میں مستقل رہائش اور کام کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ ابتدائی اہلیت کے لیے امیدوار کے پاس گزشتہ 10 برس کے دوران کم از کم ایک سال کا مسلسل، کل وقتی اور معاوضے والا کام کا تجربہ ہونا ضروری ہے، جو NOC کی TEER 0، 1، 2 یا 3 کیٹیگری میں شامل ہو۔
امیدوار کو FSWP کے 100 میں سے کم از کم 67 پوائنٹس حاصل کرنا ہوتے ہیں۔ پوائنٹس عمر، تعلیم، کام کے تجربے، زبان کی مہارت اور دیگر عوامل کی بنیاد پر دیے جاتے ہیں۔
زبان کی شرط کے تحت انگریزی یا فرانسیسی کے منظور شدہ ٹیسٹ میں چاروں شعبوں میں کم از کم CLB 7 حاصل کرنا ضروری ہے۔ امیدوار کو کینیڈا میں قیام کے ابتدائی اخراجات کے لیے مطلوبہ مالی وسائل بھی ثابت کرنا ہوتے ہیں۔
درخواست کے لیے پہلے ایکسپریس انٹری پروفائل بنانا ہوتا ہے، جس کے بعد امیدوار کو پول میں شامل کیا جاتا ہے اور CRS کے تحت اس کی درجہ بندی ہوتی ہے۔
کینیڈین حکومت کی جانب سے ڈراز کے ذریعے منتخب امیدواروں کو درخواست دینے کا دعوت نامہ (ITA) جاری کیا جاتا ہے۔ ITA ملنے کے بعد مستقل رہائش کی مکمل درخواست جمع کرانے کے لیے 60 دن کا وقت دیا جاتا ہے۔
طبی معائنے اور سکیورٹی چیک سمیت دیگر امیگریشن شرائط بھی پوری کرنا لازمی ہیں۔