برطانیہ میں اسکلڈ ورکرز کیلئے اہم خبر، بڑی پابندی ختم

برطانیہ میں اسکلڈ ورکرز کیلئے اہم خبر، بڑی پابندی ختم
کیپشن: برطانیہ میں اسکلڈ ورکرز کیلئے اہم خبر، بڑی پابندی ختم

ویب ڈیسک: برطانیہ میں ورک پرمٹ پر موجود افراد کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اسکلڈ ورکرز کو اپنے موجودہ اسپانسر تک محدود رہنے کے بجائے ویزا کی باقی مدت کے دوران دیگر جگہوں پر کام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نئے قواعد کے تحت اسکلڈ ورکرز کو ملازمت سے متعلق مسائل کی صورت میں اپنے اسپانسرز کے خلاف شکایت کا حق بھی حاصل ہوگا۔ ان میں مقررہ اوقات سے زیادہ کام لینا، پاسپورٹ ضبط کرنا اور کم تنخواہ دینا شامل ہے۔

رپورٹس کے مطابق اسکلڈ ورکرز اپنے موجودہ ویزا کی باقی مدت کے دوران کسی بھی جگہ ملازمت اختیار کرسکیں گے۔ اس حوالے سے نئے قواعد 8 اکتوبر 2026 سے نافذ العمل ہوں گے۔

پی آئی اے کی لندن کیلئے پروازوں میں اضافہ

دوسری جانب پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے لندن فضائی آپریشن میں توسیع کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت 27 اکتوبر 2026 سے پاکستان اور لندن کے درمیان ہفتہ وار پروازوں کی تعداد بڑھا کر 7 کردی جائے گی۔

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق نئے شیڈول کے تحت اسلام آباد سے لندن کیلئے ہفتہ وار 5 پروازیں جبکہ لاہور سے لندن کیلئے 2 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔

قومی ایئرلائن اس وقت لندن کیلئے ہفتہ وار 4 پروازیں چلا رہی ہے، تاہم نئے شیڈول کے بعد لندن کیلئے پروازوں میں نمایاں اضافہ ہوجائے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پروازوں کی تعداد میں اضافہ مسافروں کے اعتماد اور پاکستان، برطانیہ روٹ پر بڑھتی ہوئی سفری طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سمیت دیگر مسافروں کو بھی سفر کے مزید مواقع اور سہولت میسر آئے گی۔

خیال رہے کہ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر غیر ملکی ایئرلائنز کو مختص کیے گئے بعض سلاٹس پی آئی اے کو واپس مل چکے ہیں، جس کے بعد قومی ایئرلائن کیلئے پاکستان سے لندن کے لیے مزید پروازیں چلانے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

Watch Live Public News