ویب ڈیسک: امریکی شہر ڈیٹرائٹ میں دو گھوڑوں کو شہری بس میں سوار کرنے کی غیر معمولی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کے روز 7 مائل اور اسٹراسبرگ اسٹریٹ کے قریب پیش آیا، جہاں دو افراد نے دو گھوڑوں کو ڈیٹرائٹ محکمہ ٹرانسپورٹ کی بس میں سوار کیا اور کچھ دیر بعد پچھلے دروازے سے باہر نکال لیا۔
ایلیشیا ڈریو نامی خاتون نے اس منظر کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کی، جو تیزی سے وائرل ہوگئی۔
اربن سٹی کاؤ بوائز کے شریک بانی جارڈن ولیمز کے مطابق وہ اپنے گھوڑوں کے ساتھ ایک فنڈ ریزنگ تقریب سے واپس آ رہے تھے کہ راستے میں بس دیکھ کر ڈرائیور سے اجازت لی اور ویڈیو بنانے کے لیے گھوڑوں کو بس کے اندر سے گزارا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ انہوں نے اپنے گھوڑوں کو شہری بس میں سوار کیا ہو۔
دوسری جانب ڈیٹرائٹ محکمہ ٹرانسپورٹ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔