ویب ڈیسک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ خطے میں تجارت، معاشی تعاون اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے افغانستان کو ہمسایہ ممالک کے جائز سیکیورٹی خدشات، خصوصاً دہشت گردی کے خطرات، دور کرنا ہوں گے۔
اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان افغانستان کو پُرامن، مستحکم اور خوشحال دیکھنا چاہتا ہے، تاہم علاقائی ترقی اور معاشی تعاون کے لیے محفوظ ماحول ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ تنازعات اور عدم استحکام تجارت، توانائی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کو متاثر کرتے ہیں، جبکہ امن اور معاشی ترقی ایک دوسرے کے لیے تقویت کا باعث بنتے ہیں۔
اسحاق ڈار نے علاقائی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مطابق مسائل کا پُرامن حل چاہتا ہے۔
نائب وزیراعظم نے ای سی او کی 2026-27ء کی پاکستانی سربراہی کے لیے پانچ ترجیحات بھی پیش کیں، جن میں تجارت و سرمایہ کاری، علاقائی روابط، تجارتی نظام کی جدید کاری، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور انسانی ترقی شامل ہیں۔
انہوں نے وسطی اور جنوبی ایشیا کو بحیرہ عرب کی بندرگاہوں سے منسلک کرنے، کسٹمز نظام میں بہتری اور سرحدی تجارتی سہولتوں کے فروغ پر بھی زور دیا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ای سی او تجارتی معاہدے کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور ڈیجیٹل سہولتوں کے ذریعے علاقائی تجارت بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے رکن ممالک پر زور دیا کہ اجلاس کو محض اعلانات تک محدود رکھنے کے بجائے ایسے عملی اقدامات کیے جائیں جن سے تجارت، ٹرانسپورٹ اور عوامی خوشحالی میں حقیقی بہتری آئے۔