ویب ڈیسک: صدیوں سے پرندوں کو کم ذہین سمجھا جاتا رہا ہے، تاہم کوؤں نے اپنی غیر معمولی ذہانت سے سائنسدانوں کو حیران کردیا ہے۔ ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ کوے انسانوں اور بندروں کے مقابلے میں دوگنا تیزی سے فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
جرمنی کی ٹوبنگن یونیورسٹی کے سائنسدانوں کی تحقیق کے مطابق کوے محض 235 ملی سیکنڈ میں بصری معلومات کا تجزیہ کرکے فیصلہ کرسکتے ہیں اور فوری ردعمل ظاہر کرتے ہیں۔
تحقیق کے دوران کوؤں کو ٹچ اسکرین پر حرکت کرتے ہوئے نقطے دکھائے گئے اور انہیں یہ بتانا تھا کہ نقطے دائیں جانب جارہے ہیں یا بائیں جانب۔ کوؤں نے بیشتر مواقع پر درست سمت کا تعین کرکے سائنسدانوں کو حیران کردیا۔
محققین کے مطابق کوے ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں پیچیدہ بصری معلومات کا تجزیہ کرکے فیصلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ حیران کن بات یہ ہے کہ ان کا دماغ انسانوں اور دیگر ممالیہ جانوروں سے مختلف ہونے کے باوجود فیصلے کرنے کا طریقہ کسی حد تک ان جیسا ہے۔
تاہم سائنسدان ابھی تک اس صلاحیت کے پیچھے موجود حیاتیاتی عوامل کو مکمل طور پر سمجھ نہیں سکے۔
تحقیق کے نتائج سائنسی جریدے ’’سائنس‘‘ میں شائع ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ مئی 2024 میں ٹوبنگن یونیورسٹی کی ایک اور تحقیق میں بھی انکشاف ہوا تھا کہ کوے ایک سے چار تک گنتی کرسکتے ہیں اور نمبروں کے مطابق مخصوص تعداد میں آوازیں بھی نکال سکتے ہیں۔