دنیا کا تیز ترین’سپرمین‘ نامی انسان نما روبوٹ، یوسین بولٹ سے بھی تیز رفتار

دنیا کا تیز ترین’سپرمین‘ نامی انسان نما روبوٹ، یوسین بولٹ سے بھی تیز رفتار

(ویب ڈیسک) چین کی روبوٹکس کمپنی یونی ٹری روبوٹیکس نے ایک ایسا انسان نما روبوٹ تیار کیا ہے جو رفتار کے میدان میں حیران کن صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ کمپنی کے مطابق ’ سپرمین‘ نامی یہ روبوٹ 12.66 میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے دوڑ سکتا ہے، جو یوسین بولٹ کی 100 میٹر کی عالمی ریکارڈ دوڑ کی اوسط رفتار سے بھی زیادہ ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس روبوٹ کی تیاری میں تقریباً تین ماہ لگے اور یہ 2 میٹر تک چھلانگ لگانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ روبوٹ کا قد تقریباً 5 فٹ 7 انچ بتایا گیا ہے۔

جمیکا کے لیجنڈری ایتھلیٹ یوسین بولٹ نے 2009 میں 100 میٹر کا عالمی ریکارڈ 9.58 سیکنڈ میں قائم کیا تھا۔ اس دوران ان کی اوسط رفتار تقریباً 10.44 میٹر فی سیکنڈ رہی۔ اس حساب سے یونی ٹری کے دعوے کے مطابق سپرمین روبوٹ کی رفتار بولٹ کی اوسط رفتار سے زیادہ بنتی ہے۔

تاہم روبوٹ کی اس رفتار اور دیگر کارکردگی کے ریکارڈز کی ابھی باضابطہ طور پر آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی۔ یونی ٹری کا کہنا ہے کہ آنے والے مہینوں میں روبوٹ کی کارکردگی مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔

کمپنی کے مطابق سپرمین روبوٹ کو 19 اگست کو عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا، جبکہ 19 سے 23 اگست تک جاری رہنے والی ورلڈ روبوٹ کانفرنس میں بھی اسے عملی طور پر دوڑتے اور مختلف حرکات کرتے دیکھا جا سکے گا۔

یونی ٹری کے روبوٹس اس سے قبل بھی روبوٹکس مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھا چکے ہیں اور گزشتہ سال کی مختلف مقابلہ جاتی سرگرمیوں میں کمپنی نے چار گولڈ میڈلز جیتے تھے۔

اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ سپرمین روبوٹ مستقبل میں رفتار اور انسان نما روبوٹکس کے میدان میں مزید کون سے ریکارڈ قائم کرتا ہے۔

Watch Live Public News