ویب ڈیسک: جنوبی امریکا کے ملک بولیویا میں سائنس دانوں نے بلی کے خاندان سے تعلق رکھنے والی ایک نئی نسل دریافت کرلی ہے۔
بلی کی نئی نسل کا سائنسی نام ’لیوپارڈَس ٹِلکایو‘ (Leopardus tigrillo) رکھا گیا ہے، جبکہ مقامی لوگ اسے ’ٹِلکایو‘ کہتے ہیں۔ یہ جنوبی امریکا میں پائی جانے والی ٹائیگر کیٹس کے گروہ سے تعلق رکھتی ہے۔
تحقیق کے مطابق اس چھوٹی جسامت کی جنگلی بلی کا وزن تقریباً دو سے ڈھائی کلوگرام ہے۔ اس کی ہلکے بھورے رنگ کی کھال پر گہرے، گول اور پھول نما دھبے ہیں، جو اسے تیندوے جیسی شکل دیتے ہیں۔
محققین نے اس بلی کو پہلی بار 2016 میں بولیویا کے ایک جنگلی حیات کے مرکز میں دیکھا۔ ابتدا میں اسے ٹائیگر کیٹ کی ایک پہلے سے معلوم نسل سمجھا گیا، تاہم اس کی جسمانی خصوصیات دیگر اقسام سے مختلف نظر آئیں۔
اس کے بعد سائنس دانوں نے جنوبی امریکا کے مختلف ممالک سے حاصل کیے گئے 38 ٹائیگر کیٹس کے ڈی این اے کا تجزیہ کیا، جن میں عجائب گھروں میں محفوظ آٹھ نمونے بھی شامل تھے۔ جینیاتی تحقیق سے معلوم ہوا کہ جن جانوروں کو پہلے ایک ہی نسل سمجھا جاتا تھا، ان میں دراصل پانچ الگ جینیاتی گروہ موجود ہیں۔
New cat alert! A call from a wildlife sanctuary about a "weird cat" has led to the first new cat species discovered in over 100 years in Bolivia’s Yungas forest ecoregion. Learn more about this feline surprise: https://t.co/crffXvPqH4 pic.twitter.com/USo7rI3Y5q
— National Geographic (@NatGeo) September 17, 2026
تحقیق کے مطابق ٹِلکایو کا جینیاتی سلسلہ دوسری ٹائیگر کیٹس سے تقریباً 14 لاکھ سال پہلے الگ ہوا تھا۔ سائنس دانوں کے مطابق اس کے ڈی این اے میں نمایاں فرق اسے ایک الگ نسل قرار دینے کے لیے اہم ثبوت فراہم کرتا ہے۔
تاہم محققین کے پاس اس نئی بلی کے بارے میں ابھی محدود معلومات ہیں۔ اب تک صرف دو زندہ جانوروں کا براہِ راست جائزہ لیا گیا ہے، جبکہ کیمرہ ٹریپس سے حاصل ہونے والے شواہد بھی کم ہیں۔
یہ تحقیق سائنسی جریدے ’کرنٹ بائیالوجی‘ میں شائع ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ دریافت ظاہر کرتی ہے کہ جنگلی حیات کے بارے میں سائنسی معلومات کے باوجود دنیا میں اب بھی ایسی انواع موجود ہیں جن کی درست شناخت باقی ہے۔