ایران کی طاقتور ترین مجلسِ خبرگان  کا دفاعی ڈاکٹرائن پر نظرِ ثانی، NPT سے نکلنے کا مطالبہ 

ایران کی طاقتور ترین مجلسِ خبرگان  کا دفاعی ڈاکٹرائن پر نظرِ ثانی، NPT سے نکلنے کا مطالبہ 

(ویب ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر کا تقرر کرنے والے ملک کے سب سے اہم آئینی ادارے مجلسِ خبرگان (Assembly of Experts) نے ایک باضابطہ بیان میں حکومت اور متعلقہ حکام پر زور دیا ہے کہ وہ ملک کی دفاعی ڈاکٹرائن پر نظرِ ثانی کریں اور جوہری عدم پھیلاؤ کے عالمی معاہدے (NPT) سے علیحدگی کے امکان کا سنجیدگی سے جائزہ لیں۔

این پی ٹی (NPT) سے علیحدگی اور دفاعی ڈاکٹرائن میں تبدیلی کا مطالبہ:

مجلسِ خبرگان کے بیان کے مطابق دشمن کی جانب سے مسلسل دھمکیوں اور خاص طور پر ایران کے جوہری علم و تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد اب ان معاملات کے ذمہ دار بین الاقوامی اداروں سے کسی قسم کی امید وابستہ نہیں کی جا سکتی۔ 

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ این پی ٹی (NPT) سے دستبرداری پر غور کرنا، ملکی دفاعی حکمتِ عملی (Defense Doctrine) پر نظرِ ثانی کرنا اور ضروری دفاعی مزاحمت (Deterrence) پیدا کرنا اب ناگزیر ضرورت اور ایک قومی و عوامی مطالبہ بن چکا ہے۔ 

اسمبلی نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام سپریم لیڈر کی دانشمندانہ رہنمائی میں اس قومی مطالبے پر فوری توجہ دیں گے۔

دشمن کو جغرافیائی حدود سے بالاتر ہو کر جواب دینے کی وارننگ:

مجلسِ خبرگان نے امریکا اور اسرائیل کا نام لیے بغیر سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر دشمنوں نے دوبارہ قسمت آزمانے اور حملہ کرنے کی جرات کی تو ایران کی مسلح افواج بغیر کسی جغرافیائی قید یا حد کے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کریں گی۔

بیان میں کہا گیا کہ خطے میں پائیدار امن صرف علاقائی ممالک کے باہمی تعاون اور ہزاروں کلومیٹر دور سے آنے والی غیر ملکی افواج کے انخلا سے ہی ممکن ہے۔

جنگی معیشت اور خارجہ پالیسی سے متعلق تجاویز:

مجلسِ خبرگان نے حکومت کے مختلف شعبوں پر مشتمل ایک "جنگی معیشت ہیڈکوارٹر" (War Economy Headquarters) قائم کرنے کی بھی تجویز دی ہے تاکہ معاشی دباؤ اور ممکنہ ناکہ بندی کا مقابلہ کیا جا سکے۔ 

اعلامیے میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ حکام اور مسلح افواج ایرانی قوم کے حقوق کے حصول سے ایک انچ بھی پیچھے نہ ہٹیں۔ 

Watch Live Public News