(ویب ڈیسک) مارول اسٹوڈیوز کے مداحوں کے لیے شاندار خبر سامنے آئی ہے جہاں 2019 کی بلاک بسٹر سپر ہیرو فلم کا توسیعی ورژن ' اوینجرز: اینڈگیم اینکور' (Avengers: Endgame Encore) کل 13 نومبر سے او ٹی ٹی پلیٹ فارم ڈزنی پلس (Disney+) پر اسٹریمنگ کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ ڈیجیٹل ریلیز اگلے ماہ سنیما گھروں میں تہلکہ مچانے والی نئی فلم ' اوینجرز: ڈومز ڈے' سے ٹھیک ایک ماہ قبل عمل میں آ رہی ہے۔
ہالی ووڈ جریدے 'ورائٹی' (Variety) کی رپورٹ کے مطابق' اوینجرز: اینڈگیم اینکور' 13 نومبر سے ڈزنی پلس پر اسٹریم کی جائے گی، جبکہ ' اوینجرز: ڈومز ڈے' 18 دسمبر کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
اس ایکسٹینڈڈ ورژن میں چار ایسے اضافی اور خصوصی مناظر شامل کیے گئے ہیں جو براہِ راست آنے والی فلم 'ڈومز ڈے' کی کہانی کے تانے بانے جوڑتے ہیں۔
حال ہی میں سنیما گھروں میں دوبارہ ریلیز ہونے پر اس ورژن نے شاندار بزنس کرتے ہوئے عالمی سطح پر 86 ملین ڈالرز کمائے، جس کے بعد 'اینڈگیم' کا مجموعی بزنس 2.925 ارب ڈالرز تک پہنچ گیا اور اس نے 'اوتار' (Avatar) کو پیچھے چھوڑ کر ایک بار پھر تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
18 دسمبر کو باکس آفس پر ایک اور تاریخی ٹکراؤ ہونے جا رہا ہے کیونکہ مارول کی ' اوینجرز: ڈومز ڈے' اور وارنر برادرز کی انتہائی منتظر فلم ' ڈیون: پارٹ 3' (Dune: Part 3) ایک ہی دن ریلیز ہو رہی ہیں۔
فلمی شائقین اور تجزیہ کاروں نے ماضی کے 'باربن ہائیمر' (باربی بمقابلہ اوپن ہائیمر) رجحان کی طرز پر اس تصادم کو "ڈیونز ڈے" (Dunesday) کا نام دیا ہے۔
چونکہ ریلیز کے ابتدائی تین ہفتوں تک تمام پریمیم آئی میکس (IMAX) اسکرینز پہلے ہی ' ڈیون: پارٹ 3' کے لیے بک ہو چکی ہیں، اس لیے ڈزنی اور مارول نے اس کا توڑ نکالتے ہوئے پریمیم تھیٹرز کی موجودہ اسکرینز کو 'انفینٹی ویژن' (Infinity Vision) کا نام دے کر ری برانڈ کیا ہے۔
مارول اسٹوڈیوز کے سربراہ کیون فیگی کے مطابق یہ نیا فارمیٹ شائقین کو انتہائی اعلیٰ معیار کے بصری اثرات (Visuals) اور ساؤنڈ کا منفرد تجربہ فراہم کرے گا تاکہ بڑی اسکرینز کی دوڑ میں ڈومز ڈے کو بھرپور فائدہ پہنچ سکے۔