ویب ڈیسک: کوہاٹ میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے 10 پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی، جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سمیت اعلیٰ سول اور پولیس حکام نے شرکت کی۔
پولیس حکام کے مطابق اہلکار غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن کے بعد واپس آ رہے تھے کہ فتنۃ الخوارج اور جرائم پیشہ عناصر کے مبینہ گٹھ جوڑ نے ان کی گاڑیوں پر حملہ کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں 18 حملہ آور ہلاک ہوگئے۔
شہید ہونے والوں میں ڈی ایس پی گھمبٹ حیدر زمان، اے ایس آئی مختیار اور دیگر پولیس اہلکار شامل ہیں، جبکہ واقعے میں ایس ایچ او گھمبٹ اور ڈی ایس پی کے دو گنرز سمیت متعدد اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔