ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں سونے کی کان کنی کے تمام لیز معاہدے منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی بات کی جائے تو بعض حلقے اس کی مخالفت شروع کردیتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز کوہاٹ میں سونے کی غیر قانونی کان کنی کے خلاف آپریشن جاری تھا کہ اس دوران فتنۃ الخوارج نے پولیس پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والوں کو بھی کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ غیر قانونی کان کنی کے باعث قومی خزانے کو نقصان پہنچ رہا ہے، صوبے کے وسائل پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کو ایک ماہ گزر چکا ہے اور حکومت کا اولین ایجنڈا صوبے میں امن و امان کا قیام اور خوشحالی کے لیے اقدامات کرنا تھا۔