ویب ڈیسک: مصنوعی ذہانت کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کی ازدواجی زندگی سے متعلق خبروں نے ان کی اہلیہ لوری ہوانگ کے ممکنہ مالی حقوق کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
مختلف میڈیا رپورٹس میں جینسن ہوانگ کی مبینہ بے وفائی اور کمپنی سے استعفے سے متعلق دعووں کے بعد ان کی تقریباً 40 سالہ ازدواجی زندگی کے مستقبل پر قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جینسن ہوانگ کے اثاثوں کی مجموعی مالیت کا تخمینہ 144 ارب ڈالر لگایا گیا ہے، جبکہ بعض اندازوں میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ طلاق کی صورت میں ان کی اہلیہ لوری ہوانگ کو تقریباً 60 ارب ڈالر تک مل سکتے ہیں۔
تاہم یہ رقم محض ایک اندازہ ہے، حقیقی مالی حصے کا تعین متعلقہ قانونی دائرہ اختیار، ازدواجی اثاثوں اور قانونی تقسیم کے اصولوں کے تحت ہوگا۔
واضح رہے کہ جینسن ہوانگ اور لوری ہوانگ کی شادی 1985 میں ہوئی تھی اور دونوں کے دو بچے ہیں۔ تاحال جوڑے کی جانب سے طلاق کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔