ایران کا بحرین میں امریکی انتباہی ریڈار کو نشانہ بنا کر تباہ کرنے کا دعویٰ

ایران کا بحرین میں امریکی انتباہی ریڈار کو نشانہ بنا کر تباہ کرنے کا دعویٰ

(ویب ڈیسک)مشرقِ وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان براہِ راست فوجی کشیدگی نے انتہائی خطرناک رخ اختیار کر لیا ہے جہاں ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے مہینوں کے وقفے کے بعد پہلی بار امریکی فوجی تنصیبات پر براہِ راست حملہ کرتے ہوئے بحرین میں نصب ایک امریکی انتباہی ریڈار (Early-Warning Radar) کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ حملہ آبنائے ہرمزکے نزدیک واقع ایرانی شہر سیرک میں ایک مواصلاتی ٹاور پر کیے گئے امریکی فضائی حملے کے براہِ راست جواب میں کیا گیا ہے۔

آئی آر جی سی کے مطابق اس کارروائی میں بحرین میں موجود امریکی فوج کے ابتدائی انتباہی ریڈار سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔

پاسدارانِ انقلاب نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ  "یہ جارح دشمن کے لیے ایک سنگین انتباہ ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں اپنی فضائی شرارتیں اور تیل کی اسمگلنگ بند کرے۔ اگر دوبارہ خلاف ورزی یا جارحیت کی گئی تو پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس بغیر کسی قید و بند کے دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل ہائی الرٹ ہے۔"

امریکی سینٹرل کمانڈ کا ردعمل:

دوسری جانب امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے ایرانی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے ریڈار سسٹم کی تباہی کی تردید کی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق دفاعی فورسز نے بحرین کی سمت بڑھنے والے دو ایرانی ڈرونز کو فضا میں ہی بروقت کارروائی کر کے تباہ کر دیا۔

Watch Live Public News