(ویب ڈیسک) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان کو طویل مدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی منزل بنانا ہے،کان کنی کے پورے ماحولیاتی نظام کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے،کانوں اور کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتوں، منصوبوں اور اس سے وابستہ لوگوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے،ہمارا مقصد صرف خام مال برآمد کرنا نہیں ہے بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ تک پوری ویلیو چین کو تیار کرنا ہے،ہم ایسی طویل مدتی شراکت داری پروان چڑھانا چاہتے ہیں جو پاکستان اور اس کے شراکت داروں کیلئے پائیدار معاشی قدر کا باعث بنے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ معدنی ترقی سے مقامی آبادیوں کو فائدہ پہنچنا لازم ہے ، معدنیات سے مالا مال علاقوں کے لوگوں کو اپنی زندگیوں میں ٹھوس بہتری نظر آنی چاہیے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے لوگ محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں جن میں خوابوں کو تعبیر میں بدلنے کی زبردست صلاحیت موجود ہے،ہمارے وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں جبکہ نتائج کے حصول کیلئے ہمارے لوگ طاقت اور عزم کا سر چشمہ ہیں،ہمیں صلاحیت سے پیداوار کی طرف، وعدوں سے عمل کی طرف اور خام برآمدات سے ویلیو ایڈڈ گروتھ کی طرف بڑھنا ہوگا۔