نادرا نے وراثتی سرٹیفکیٹ کے حصول  کیلئے مطلوبہ کاغذات ، طریقہ کار بتانے والا 'چیٹ بوٹ' متعارف کرادیا

نادرا نے وراثتی سرٹیفکیٹ کے حصول  کیلئے مطلوبہ کاغذات ، طریقہ کار بتانے والا 'چیٹ بوٹ' متعارف کرادیا

(ویب ڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (NADRA) نے وراثتی سرٹیفکیٹ (Succession Certificate) اور لیٹر آف ایڈمنسٹریشن کے حصول میں شہریوں کو درپیش مشکلات ختم کرنے کے لیے اپنی اپ گریڈ شدہ ویب سائٹ پر ایک خودکار چیٹ بوٹ (Chatbot) متعارف کرا دیا ہے، جو ہر خاندان کو ان کے مخصوص کیس کے مطابق مطلوبہ دستاویزات اور مکمل طریقہ کار سے آگاہ کرے گا۔

چیٹ بوٹ کیسے کام کرتا ہے؟

یہ خودکار چیٹ بوٹ موبائل فون اور کمپیوٹر دونوں پر اردو اور انگریزی زبان میں دستیاب ہے۔یہ صارف سے مرحوم، قانونی ورثاء اور اثاثوں سے متعلق چند سادہ سوالات پوچھتا ہے اور بغیر کسی نادرا اہلکار کی مداخلت کے اس مخصوص کیس کے لیے درکار کاغذات کی حتمی چیک لسٹ اور مراحل تیار کر دیتا ہے۔

نادرا کے ترجمان سید شباہت علی کے مطابق یہ چیٹ بوٹ صارفین سے شناختی کارڈ نمبر یا کوئی ذاتی معلومات طلب نہیں کرتا، جبکہ بیرونِ ملک مقیم ورثاء کو پاک آئی ڈی (Pak ID) ایپ کے ذریعے آن لائن بائیو میٹرک تصدیق کی رہنمائی بھی فراہم کرتا ہے۔

یہ نظام صارف کو پہلے ہی خبردار کر دیتا ہے کہ آیا ان کا معاملہ نادرا حل کر سکتا ہے یا کسی وارث کے نابالغ ہونے یا باہمی تنازع کی صورت میں انہیں عدالت سے رجوع کرنا ہوگا۔ (تاہم حتمی تصدیق کے لیے قریبی نادرا سینٹر سے رجوع کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے)۔

نادرا سے سرٹیفکیٹ کے اجراء کی بنیادی شرائط:

نادرا 2021 سے صرف غیر متنازعہ (Uncontested) کیسز میں وراثتی سرٹیفکیٹ جاری کر رہا ہے، یعنی تمام قانونی ورثاء میں مکمل اتفاق ہو، کوئی تنازع نہ ہو، کوئی وارث نابالغ یا ذہنی طور پر معذور نہ ہو، اور معاملہ کسی عدالت میں زیرِ سماعت یا فیصلہ شدہ نہ ہو۔

مرحوم کا ریکارڈ نادرا میں موجود ہونا اور تمام ورثاء کا فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) میں اندراج لازم ہے، جبکہ درخواست گزار کے پاس کارآمد کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ (CNIC) یا پاک اوریجن کارڈ (POC) ہونا ضروری ہے (پرانا دستی شناختی کارڈ قابلِ قبول نہیں)۔

قانونی وارث کا نادرا سینٹر میں ذاتی طور پر پیش ہونا ضروری ہے، تاہم سندھ اور بلوچستان میں وکیل کے ذریعے بھی درخواست دی جا سکتی ہے۔

درکار لازمی اور اضافی دستاویزات:

یونین کونسل، میونسپل اتھارٹی یا کنٹونمنٹ بورڈ کا جاری کردہ مرحوم کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ، مرحوم کے شناختی کارڈ کی منسوخی (Cancellation) کی رسید، ایف آر سی (FRC) اور تمام ورثاء کے شناختی کارڈز کی نقول۔

اوتھ کمشنر سے تصدیق شدہ شیڈول ون (Schedule-I) اجازت نامہ اور جائیداد کے اصل کاغذات (فوٹو کاپیاں قابلِ قبول نہیں ہوں گی)۔

صوبائی اور کیس کی نوعیت کے مطابق اضافی کاغذات: سندھ میں غیر منقولہ جائیداد کے لیے سرچ سرٹیفکیٹ، سندھ اور بلوچستان میں وکیل کے ذریعے درخواست پر وکالت نامہ، اور سرکاری یا نجی ملازم ہونے کی صورت میں متعلقہ محکمے کی جانب سے پنشن یا سروس واجبات کا خط درکار ہوگا۔

اسی طرح اخبار میں اشتہار کی تعداد بھی صوبے کے لحاظ سے مختلف ہوتی ہے (مثلاً سندھ میں تین جبکہ دیگر علاقوں میں دو اخباری اشتہارات لازم ہیں)۔

مقررہ سرکاری فیسیں:

ایک لاکھ روپے سے کم مالیت کے اثاثوں کے لیے فیس 10,000 روپے ہے۔

ایک لاکھ روپے یا اس سے زائد مالیت کے اثاثوں پر فیس 20,000 روپے مقرر ہے، جبکہ سندھ میں یہ فیس 22,000 روپے ہے۔

ڈپلیکیٹ سرٹیفکیٹ کے حصول کی فیس 5,000 روپے رکھی گئی ہے۔

Watch Live Public News