نادرا دفاتر میں فیملیز کے لیے بڑی سہولت، ایک ہی فیملی ٹوکن سے تمام افراد کی پراسیسنگ کا آغاز

نادرا دفاتر میں فیملیز کے لیے بڑی سہولت، ایک ہی فیملی ٹوکن سے تمام افراد کی پراسیسنگ کا آغاز

(ویب ڈیسک) نادرا نے شہریوں اور بالخصوص اہلِ خانہ کے ہمراہ دفاتر آنے والے افراد کی سہولت کے لیے ' فیملی ٹوکن' سروس  کا آغاز کردیا ہے، جس کے تحت اب ایک خاندان کے تمام افراد ایک ساتھ اور ایک ہی کاؤنٹر سے تمام ضروری خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔

نادرا کے کسی بھی مرکز  پر تشریف لانے والے شہری اب انفرادی پرچیوں کے بجائے پورے خاندان کے لیے مشترکہ فیملی ٹوکن حاصل کر سکتے ہیں۔

اس سہولت کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ خاندان کے تمام افراد کو علیحدہ علیحدہ ٹوکن لے کر طویل قطاروں یا مختلف اوقات میں کاؤنٹرز کے چکر نہ کاٹنے پڑیں، بلکہ سب کا شناختی و نادرا عمل ایک ساتھ مکمل ہو سکے۔

فیملی ٹوکن کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اپنی باری آنے پر خاندان کے تمام افراد کو ایک ہی مخصوص ون ونڈو کاؤنٹر پر بلا لیا جاتا ہے۔

اس کاؤنٹر پر بچوں کے ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC)، اور شناختی کارڈز کی تجدید یا نئے اندراج سمیت درکار تمام خدمات ایک ہی نشست میں فراہم کی جاتی ہیں۔

نادرا حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ جب بھی وہ اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ نادرا سینٹر آئیں تو ٹوکن ڈیسک سے باقاعدہ فیملی ٹوکن طلب کریں تاکہ وہ اور ان کے پیارے کسی بھی قسم کی زحمت اور وقت کے ضیاع سے بچ سکیں۔

Watch Live Public News