ویب ڈیسک: آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت صرف رجسٹرڈ اور ٹوکن جنریٹ ہونے والی گاڑی کو ہی سستا پیٹرول فراہم کیا جائے گا، غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کو سبسڈی نہیں ملے گی۔
ایسوسی ایشن کے رہنما نعمان علی بٹ کے مطابق حکومتی ہدایات کے تحت پمپ مالکان صرف اسی گاڑی کو سبسڈی والا پیٹرول فراہم کرسکتے ہیں جس کا ٹوکن سسٹم میں ظاہر ہو رہا ہو۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ غیر رجسٹرڈ گاڑی یا موٹرسائیکل میں سبسڈی والا پیٹرول حاصل کرنے کے لیے پمپ عملے پر دباؤ نہ ڈالیں اور اپنی متعلقہ گاڑی اور ٹوکن کے ساتھ ہی سبسڈی حاصل کریں۔
حکام کے مطابق وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم میں ملک بھر سے 50 لاکھ سے زائد افراد رجسٹریشن کراچکے ہیں، جبکہ رجسٹرڈ شہریوں کو فی لیٹر 100 روپے تک کا ریلیف دیا جا رہا ہے۔
اسکیم کے تحت ڈیجیٹل نظام کے ذریعے سبسڈی کی فراہمی اور رئیل ٹائم مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔