(ویب ڈیسک) پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بالائی اور میدانی علاقوں میں 10 سے 14 نومبر تک بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ چترال، دیر، سوات، ملاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور دیگر اضلاع میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ اور دیگر میدانی اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بالائی پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ۔ سیاح اور مسافر احتیاط کریں،بارشوں کے بعد میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ بارشوں کے باعث دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کمی متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات، ندی نالوں اور دریاؤں کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس کے علاوہ ریسکیو 1122 کی ٹیموں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیاح خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے ۔ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔