معروف برطانوی اداکار رابرٹ پیٹنسن نئے 'جیمز بانڈ' منتخب

معروف برطانوی اداکار رابرٹ پیٹنسن نئے 'جیمز بانڈ' منتخب

(ویب ڈیسک) عالمی سنیما کے مداحوں کا کئی برسوں پر محیط طویل انتظار بالآخر ختم ہو گیا ہے، جہاں معروف برطانوی اداکار رابرٹ پیٹنسن (Robert Pattinson) کو دنیا کے مقبول ترین جاسوس کردار ' جیمز بانڈ' ( 007) کے لیے باضابطہ طور پر منتخب کر لیا گیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق مشہور فلمی سیریز 007 کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر باضابطہ اعلان کیا گیا ہے کہ رابرٹ پیٹنسن نئے جیمز بانڈ ہوں گے۔

40 سالہ رابرٹ پیٹنسن سلور اسکرین پر جیمز بانڈ کا مشہور کردار ادا کرنے والے ساتویں اداکار بن گئے ہیں، ان سے قبل یہ کردار ڈینیئل کریگ  نبھا رہے تھے جنہوں نے 2021 میں اس معروف جاسوسی سیریز کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق یہ فیصلہ نئے اداکار کے انتخاب کے لیے طویل عرصے تک جاری رہنے والے سخت جانچ پڑتال کے عمل کے بعد سامنے آیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق رابرٹ پیٹنسن ان 5 اداکاروں کی حتمی مختصر فہرست (Shortlist) میں شامل تھے جن میں سے نئے جیمز بانڈ کو چنا جانا تھا، جبکہ اس فہرست میں جوش اوکونر (Josh O'Connor) اور کالم ٹرنر (Callum Turner) کے نام بھی شامل تھے۔

رابرٹ پیٹنسن جیمز بانڈ سیریز کی اگلی میگا فلم میں مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، جو اس تاریخی سلسلے کی 26 ویں آفیشل فلم ہوگی۔

واضح رہے کہ جیمز بانڈ سیریز کی فلمیں اب تک باکس آفس پر مجموعی طور پر 7 ارب 80 کروڑ ڈالر کی آمدنی حاصل کر چکی ہیں، جس کی بدولت یہ دنیا کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلمی سیریز میں پانچویں نمبر پر ہے، جبکہ فلموں سے جڑی مصنوعات کی فروخت اور اسپانسرشپ معاہدوں کی آمدنی اس سے بھی کہیں زیادہ ہے۔

Watch Live Public News