گندھارا تہذیب کے فروغ کے لیے پاکستان کا اہم اقدام، مذہبی سیاحت بڑھانے کی تجاویز پیش

 گندھارا تہذیب کے فروغ کے لیے پاکستان کا اہم اقدام، مذہبی سیاحت بڑھانے کی تجاویز پیش
کیپشن:  گندھارا تہذیب کے فروغ کے لیے پاکستان کا اہم اقدام، مذہبی سیاحت بڑھانے کی تجاویز پیش

ویب ڈیسک: گندھارا تہذیب کے تاریخی ورثے کے تحفظ، بدھ مت کی مذہبی سیاحت کے فروغ اور عالمی سطح پر پاکستان کے ثقافتی تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے وزارتِ خارجہ میں گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب کھچی، سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار احمد، گندھارا ٹاسک فورس کے کوآرڈینیٹر عمران شوکت اور مختلف ممالک کے بدھ مت مذہبی رہنماؤں اور وفود نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر اورنگزیب کھچی نے کہا کہ گندھارا بدھ مت کی تہذیب، علم اور ثقافت کا اہم مرکز رہا ہے، جس کا تاریخی ورثہ ٹیکسلا، وادی پشاور اور سوات تک پھیلا ہوا ہے۔ پاکستان اس ورثے کے تحفظ اور دنیا بھر میں اس کے تعارف کے لیے پُرعزم ہے۔

سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ گندھارا پاکستان کا مشترکہ تاریخی ورثہ اور مختلف تہذیبوں کو جوڑنے کا اہم ذریعہ ہے۔ بدھ مت کے مذہبی مقامات تک زائرین کی رسائی آسان بنانے اور عالمی سطح پر ثقافتی تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

گندھارا ٹاسک فورس کے کوآرڈینیٹر عمران شوکت نے بتایا کہ پاکستان حال ہی میں تقریباً 15 ہزار بدھ مت مذہبی رہنماؤں اور زائرین کا خیرمقدم کرچکا ہے۔

انہوں نے مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے خصوصی ویزا کیٹیگری، طویل مدت کے ملٹی پل انٹری ویزے اور این او سی کے حصول میں آسانی کی تجاویز پیش کیں۔ ٹیکسلا یا خیبر میں عبادت، مراقبے اور تعلیم کے لیے خصوصی مراکز قائم کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔

تھائی لینڈ، ویتنام، سری لنکا، جنوبی کوریا، جاپان، چین اور بنگلہ دیش کے مذہبی رہنماؤں نے گندھارا تہذیب کے تحفظ اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

شرکاء نے تاریخی مقامات تک رسائی آسان بنانے، نوادرات کی عالمی سطح پر نمائش، مشترکہ تحقیق اور ٹیکسلا میں بدھ مت کے پیروکاروں کے لیے عبادت گاہ قائم کرنے کی تجاویز بھی پیش کیں۔

تقریب کے اختتام پر ’کلرز آف پاکستان‘ کی کیوریٹر ایلی تکاگاکی نے گندھارا تہذیب پر اپنی پہلی خصوصی ڈاکومنٹری اور ’کلرز آف پاکستان‘ کا پہلا ایڈیشن بھی پیش کیا۔
 

Watch Live Public News