ویب ڈیسک: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے مائیکروفنانس اور ہاؤسنگ قرضوں کی حد بڑھا کر 50 لاکھ روپے کرنے کی تجویز دے دی۔
ایس ای سی پی نے مائیکروفنانس، ہاؤسنگ اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں سے متعلق مالی حدود میں اضافے کی مجوزہ ترامیم مشاورت کے لیے جاری کردی ہیں۔
مجوزہ ترامیم کے تحت مائیکروفنانس قرضے کے لیے درخواست دہندہ کی سالانہ آمدن کی حد 12 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کرنے کی تجویز ہے۔
چھوٹے کاروباروں کے لیے سالانہ ٹرن اوور کی حد 15 کروڑ سے بڑھا کر 40 کروڑ روپے جبکہ درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے 80 کروڑ سے بڑھا کر 2 ارب روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق مجوزہ تبدیلیوں کا مقصد کم آمدن والے افراد اور کاروباری اداروں کے لیے مالی سہولیات تک رسائی بہتر بنانا اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
ایس ای سی پی حکام کے مطابق چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں سے متعلق مجوزہ حدود اسٹیٹ بینک کی حالیہ پالیسی تبدیلیوں سے ہم آہنگ کی گئی ہیں۔