ویب ڈیسک: بجلی صارفین کے لیے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں قیمت میں 1 روپے 73 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے، جس کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (CPPA) نے اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کرائی ہے، جس پر آج سماعت ہوگی۔ حتمی فیصلہ نیپرا کی منظوری کے بعد جاری کیا جائے گا۔
درخواست منظور ہونے کی صورت میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسکوز کے صارفین پر ہوگا۔
اعداد و شمار کے مطابق اگست میں ڈسکوز کو 14 ارب 46 کروڑ 40 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی، جس کی اوسط فیول لاگت 8 روپے 82 پیسے فی یونٹ رہی۔
اگست میں 37.84 فیصد بجلی پانی، 10.86 فیصد مقامی کوئلے اور 15.59 فیصد درآمدی کوئلے سے پیدا کی گئی، جبکہ مقامی گیس سے 7.04 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 8.48 فیصد بجلی حاصل ہوئی۔
نیپرا اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ اور نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔