ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کے معاملے پر وزیراعظم ہاؤس میں آج اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوگا، جس میں صوبے کی امن و امان اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزرا اور اہم حکام شرکت کریں گے۔ اجلاس میں آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت خیبر پختونخوا میں ممکنہ اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں صوبے کی سکیورٹی صورتحال اور صوبائی حکومت کے کردار کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے ٹی ٹی پی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تعاون نہ کرنے کے الزامات پر بھی بات ہوگی۔
وفاقی وزرا کا مؤقف ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت سکیورٹی اداروں کو مطلوبہ تعاون فراہم نہیں کر رہی۔ دوسری جانب صوبائی حکومت نے وفاقی وزرا کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ لانگ مارچ کا فیصلہ برقرار ہے۔
دریں اثنا پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کو خط لکھ کر موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے۔
اجلاس میں خیبر پختونخوا کی صورتحال سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔