ویب ڈیسک: یوگینڈا میں سابق ٹی وی نیوز اینکر ایڈورڈ روکیدی کیجانانگوما نے تورو سلطنت کے بادشاہ کا منصب سنبھال لیا، جس کے بعد وہ بٹورو قوم کے 13ویں بادشاہ بن گئے۔
56 سالہ کیجانانگوما نے مرحوم بادشاہ اویو نائمبا کابامبا ایگورو روکیدی چہارم کی جگہ لی، جو گزشتہ ماہ 34 سال کی عمر میں کینسر کے باعث امریکا میں انتقال کر گئے تھے۔
مرحوم بادشاہ کی وفات کے بعد جانشینی کا تنازع پیدا ہوگیا تھا۔ ان کی والدہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کا ایک اور بیٹا موجود ہے، جو تخت کا حقدار ہے۔ تاہم شاہی بابیتو قبیلے کی 21 رکنی کمیٹی نے کیجانانگوما کو نیا بادشاہ منتخب کیا۔ وہ مرحوم بادشاہ کے کزن ہیں۔
تاج پوشی کی روایتی تقریب کے دوران کیجانانگوما نے شاہی نام ایڈورڈ روکیدی نیابانگو اول اختیار کیا۔ تقریب میں مختلف روایتی رسومات ادا کی گئیں، جبکہ صدر یوویری موسیوینی سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
یوگینڈا میں بادشاہتوں کو کوئی سیاسی اختیار حاصل نہیں۔ ملک ایک آئینی جمہوریہ ہے، تاہم نوآبادیاتی دور سے قبل قائم چار بادشاہتیں آج بھی ثقافتی اور روایتی شناخت کی علامت کے طور پر موجود ہیں۔
اپنی پہلی تقریر میں نیابانگو اول نے ثقافت اور روایات کے تحفظ کو اپنی اہم ذمہ داری قرار دیتے ہوئے ماحول کے تحفظ کے لیے عوام کو متحد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
نئے بادشاہ کے سابق ساتھیوں کے مطابق وہ یوگینڈا کے سرکاری نشریاتی ادارے یو بی سی میں نیوز اینکر اور ایڈیٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور سادہ مزاج شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔