لائیو نشریات میں گرین اسکرین ٹیکنالوجی کی غلطی ، نیوز اینکر کا لباس موسم کے نقشے میں غائب، ویڈیو  وائرل

لائیو نشریات میں گرین اسکرین ٹیکنالوجی کی غلطی ، نیوز اینکر کا لباس موسم کے نقشے میں غائب، ویڈیو  وائرل

(ویب ڈیسک) امریکی ریاست میسوری کے شہر کینساس سٹی میں لائیو نشریات کے دوران ایک دلچسپ اور مزاحیہ واقعہ پیش آیا، جہاں موسم کی رپورٹنگ کے دوران نیوز اینکر کے لباس کا غلط انتخاب کروما ( گرین اسکرین) ٹیکنالوجی کے باعث ان کے لباس کے غائب ہونے کا سبب بن گیا۔

لائیو ٹی وی نشریات کے دوران موسم کا حال بتاتے ہوئے خاتون اینکر نے سبز مائل نیلے رنگ کا لباس پہن رکھا تھا۔جیسے ہی وہ موسم کے گرافکس دکھانے والی گرین اسکرین کے سامنے آئیں، ٹیکنالوجی نے ان کے لباس کو بھی بیک گراؤنڈ کا حصہ سمجھ لیا اور لباس اسکرین پر غائب ہو کر موسم کے نقشے میں ضم ہو گیا۔

اس صورتحال کے نتیجے میں ٹی وی اسکرین پر اینکر کا پورا دھڑ غائب ہو گیا اور صرف ان کا سر اور بازو نقشے کے اوپر تیرتے ہوئے دکھائی دینے لگے۔

غیر متوقع منظر دیکھ کر اسٹوڈیو میں موجود اینکرز اور عملہ اپنی ہنسی پر قابو نہ رکھ سکا۔

خاتون اینکر نے خود بھی صورتحال پر مسکراتے ہوئے لائیو کیمرے پر وضاحت دی کہ ”یہ مکمل سبز نہیں بلکہ سبز مائل نیلا رنگ ہے“، تاہم اسٹوڈیو میں قہقہوں کا سلسلہ جاری رہا۔

کروما ٹیکنالوجی کیسے کام کرتی ہے؟

گرین اسکرین (Chroma Key) ٹیکنالوجی اسٹوڈیو میں مخصوص سبز یا نیلے رنگوں کو ڈیجیٹل پس منظر کے طور پر شناخت کرتی ہے اور لائیو ٹرانسمیشن میں اس رنگ کی جگہ گرافکس، نقشے یا اینیمیشنز دکھاتی ہے۔

چونکہ اینکر کے لباس میں سبز رنگ کی جھلک موجود تھی، اس لیے سسٹم کے الگورتھم نے لباس کو بھی پس منظر کا حصہ جان کر اس پر موسم کا نقشہ پروجیکٹ کر دیا۔

لائیو ٹی وی پر پیش آنے والی اس پرلطف تکنیکی غلطی کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے، جہاں شائقین اور انٹرنیٹ صارفین اسے ٹیلی ویژن تاریخ کا ایک انتہائی پرمزاح اور دلچسپ لمحہ قرار دے رہے ہیں۔

Watch Live Public News