سوزوکی کی نئی الیکٹرک کار اگنس کی فروخت 2027 میں شروع ہوگی

سوزوکی کی نئی الیکٹرک کار اگنس کی فروخت 2027 میں شروع ہوگی
کیپشن: سوزوکی کی نئی الیکٹرک کار اگنس کی فروخت 2027 میں شروع ہوگی

ویب ڈیسک:  سوزوکی نے 25 نومبر 2026 کو نئی الیکٹرک ہیچ بیک ’’اگنس ای وی‘‘ متعارف کرا دی ہے، جو 26 کلو واٹ آور بیٹری اور 90 ہارس پاور کی الیکٹرک موٹر سے لیس ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ چار نشستوں والی الیکٹرک گاڑی بنیادی طور پر شہری سفر کے لیے تیار کی گئی ہے، جس کی یورپ اور دیگر منتخب عالمی مارکیٹوں میں فروخت 2027 کے موسمِ گرما سے شروع ہوگی۔ تاہم پاکستان میں اس کی لانچ سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

نئی اگنس ای وی میں لیتھیم آئرن فاسفیٹ (LFP) بیٹری استعمال کی گئی ہے، جبکہ اس میں ری جنریٹو بریکنگ سسٹم بھی دیا گیا ہے۔ گاڑی کی ڈرائیونگ رینج اور چارجنگ کے دورانیے کی تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔

سائز کے لحاظ سے نئی اگنس ای وی پاکستان میں دستیاب سوزوکی کلٹس سے صرف 30 ملی میٹر چھوٹی اور 35 ملی میٹر کم چوڑی ہے، جبکہ آلٹو کے مقابلے میں 175 ملی میٹر زیادہ لمبی ہے۔ گاڑی میں چار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش اور 150 ملی میٹر گراؤنڈ کلیئرنس دی گئی ہے۔

پاکستانی مارکیٹ میں یہ گاڑی متعارف کرائی جائے تو شہری صارفین کے لیے الیکٹرک گاڑی کا ایک نیا انتخاب بن سکتی ہے، خصوصاً کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے بڑے شہروں میں روزمرہ سفر کے لیے۔

تاہم پاکستان میں اس کی کامیابی کا انحصار قیمت، بیٹری وارنٹی، چارجنگ سہولیات اور بعد از فروخت سروس پر ہوگا۔ پاک سوزوکی نے تاحال اگنس ای وی کی درآمد، مقامی تیاری یا پاکستان میں فروخت کا کوئی منصوبہ ظاہر نہیں کیا۔

 

Watch Live Public News