واٹس ایپ پر اب ٹائپنگ کی ضرورت نہیں، بولیں اور میسج خود بخود لکھ جائے گا، نیا فیچر متعارف

واٹس ایپ پر اب ٹائپنگ کی ضرورت نہیں، بولیں اور میسج خود بخود لکھ جائے گا، نیا فیچر متعارف

(ویب ڈیسک): دنیا کی سب سے مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت کے لیے ایک زبردست فیچر پر کام شروع کر دیا ہے، جس کے تحت اب صارفین کو چلتے پھرتے، کام کاج یا ڈرائیونگ کے دوران میسج ٹائپ کرنے کی زحمت نہیں اٹھانا پڑے گی بلکہ وہ بول کر اپنا میسج ٹیکسٹ کی صورت میں خودکار طریقے سے لکھوا سکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ کے تازہ ترین بیٹا (Beta) ورژن میں یہ نیا فیچر دیکھا گیا ہے۔یہ نیا ٹول صارفین کی آواز کو فوری طور پر تحریر (ٹیکسٹ) کی شکل دے دے گا، جس کے بعد آڈیو نوٹ کے بجائے عام ٹیکسٹ میسج بھیجا جا سکے گا۔

یہ واٹس ایپ کے موجودہ 'وائس میسج ٹرانسکرپشن' سے بالکل مختلف ہے، پرانا فیچر موصول ہونے والی آڈیو کو تحریر میں بدلتا ہے، جبکہ یہ نیا ٹول میسج بھیجنے والے کی آواز کو بھیجنے سے قبل ہی خودکار طریقے سے ٹیکسٹ میں تبدیل کر دیتا ہے۔

استعمال کا طریقہ:

اس مقصد کے لیے چیٹ بار کے دائیں جانب ایک نیا مخصوص بٹن شامل کیا جا رہا ہے۔پہلی بار استعمال کرنے پر ایک تعارفی اسکرین ظاہر ہوگی جہاں صارف اپنی مطلوبہ زبان کا انتخاب کرے گا۔ اس کے بعد 'لیسننگ موڈ' آن کر کے بول کر میسج باآسانی لکھوایا جا سکے گا۔

یہ فیچر انفرادی اور گروپ چیٹس دونوں پر یکساں کام کرے گا۔سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ ٹول لوکل لینگوئج پیکس کی مدد سے انٹرنیٹ کے بغیر یعنی آف لائن بھی کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس میں بھی مکمل اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ برقرار رہے گا۔

یہ فیچر فی الوقت اینڈرائیڈ کے بیٹا ٹیسٹرز کے لیے سامنے آیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے آزمائش مکمل ہونے کے بعد اسے مرحلہ وار تمام صارفین کے لیے باقاعدہ طور پر جاری کیا جائے گا۔

Watch Live Public News