ویب ڈیسک: واٹس ایپ نے گروپ چیٹس کو مزید بہتر بنانے کے لیے 4 نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے، جن کی مدد سے صارفین اہم پیغامات محفوظ رکھنے، گروپ ہسٹری شیئر کرنے اور غیر پڑھے گئے میسجز تک باآسانی رسائی حاصل کرسکیں گے۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچرز آئندہ چند ہفتوں میں دنیا بھر کے صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔
پہلا فیچر: مستقل پن میسج
اب گروپ میں کسی اہم پیغام کو پن کرنے کے لیے ’نو ایکسپائری‘ کا آپشن بھی دستیاب ہوگا، جس کے ذریعے پن کیا گیا پیغام 30 دن بعد خودکار طور پر ختم ہونے کے بجائے مستقل طور پر نمایاں رہے گا۔
دوسرا فیچر: گروپ چیٹ ہسٹری شیئرنگ
اس فیچر کے ذریعے گروپ ممبرز حال ہی میں شامل ہونے والے نئے صارفین کے ساتھ پرانے پیغامات کی ہسٹری شیئر کرسکیں گے۔ یہ سہولت اختیاری ہوگی اور شیئر کیے گئے پیغامات کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل رہے گا۔
تیسرا فیچر: گروپ اسٹیٹس
اب صارفین کسی مخصوص گروپ میں تصاویر اور اپ ڈیٹس کو اسٹیٹس کی صورت میں شیئر کرسکیں گے۔ گروپ ممبرز اس اسٹیٹس پر ری ایکشن بھی دے سکیں گے، جبکہ یہ 24 گھنٹے بعد خودکار طور پر غائب ہو جائے گا۔ یہ اسٹیٹس صرف متعلقہ گروپ کے ممبرز کو نظر آئے گا۔
چوتھا فیچر: اَن ریڈ میسجز فلٹر
واٹس ایپ گروپس میں غیر پڑھے گئے پیغامات کے لیے نیا فلٹر بھی متعارف کرا رہا ہے، جس کے ذریعے صارفین انہیں آسانی سے تلاش کرسکیں گے، خصوصاً وہ پیغامات جن میں انہیں مینشن کیا گیا ہو یا ان کے پیغام کا براہِ راست جواب دیا گیا ہو۔
یہ فیچر ان صارفین کے لیے خاص طور پر مفید ہوگا جو متعدد گروپس کا حصہ ہیں یا زیادہ تر گروپس کو میوٹ رکھتے ہیں۔