(ویب ڈیسک)دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے دو دہائیوں پر محیط روایتی مؤقف اور ہچکچاہٹ کو ترک کرتے ہوئے بالآخر ٹچ اسکرین سے لیس ’ میک بک پرو‘ پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
امریکی جریدے کے مطابق ایپل کمپنی طویل عرصے سے لیپ ٹاپس میں ٹچ اسکرین شامل کرنے کی شدید مخالف رہی ہے۔
کمپنی کے بانی اسٹیو جابز نے لیپ ٹاپس پر ٹچ اسکرین کے تصور کو "ایرگونومک لحاظ سے نامناسب" قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا، تاہم اب مارکیٹ کے تقاضوں اور مدمقابل ونڈوز لیپ ٹاپس کے بڑھتے رجحان کو دیکھتے ہوئے ایپل نے اپنی پالیسی تبدیل کرنے کی تیاری کر لی ہے۔
بلومبرگ کے مطابق ایپل کے انجینئرز فعال طور پر ٹچ اسکرین پر مبنی میک بکس پر کام کر رہے ہیں، اور یہ سہولت سب سے پہلے کمپنی کے فلیگ شپ ماڈل ’ میک بک پرو‘ میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
نئی ڈیوائس میں روایتی لیپ ٹاپ ڈیزائن، مکمل کی بورڈ اور ٹریک پیڈ برقرار رہے گا، تاہم صارفین اسکرین پر براہِ راست چھو کر بھی کمانڈز دے سکیں گے۔
ٹچ اسکرین سپورٹ کے لیے ایپل اپنے آپریٹنگ سسٹم میک او ایس میں خصوصی ترامیم کرے گا تاکہ صارفین بغیر کسی الجھن کے آئی فون اور آئی پیڈ کی طرح ٹچ انٹرفیس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
یہ اقدام میک بکس اور آئی پیڈز کے مابین موجود تکنیکی فاصلوں کو مزید سمیٹ دے گا۔